ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت میونسپل سروسز میں بہتری، صفائی ستھرائی کے نظام کو موثر بنانے اور شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظا میہ متحرک ہے۔ اسی سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ کی زیر صدارت میونسپل سروسز میں بہتری کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر طارق عثمان، اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز اور ستھرا پنجاب پروگرام کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کی جانب سے صفائی، سیوریج، سٹریٹ لائٹس، تجاوزات، پارکس اور دیگر شہری سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے، سیوریج لائنوں کی بہتری، نکاسی آب کے مسائل کے فوری حل اور فیلڈ مانیٹرنگ تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی، رات کے اوقات میں روشنی کے انتظامات بہتر بنانے، پارکس و گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آپریشن مزید موثر بنانے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے بازاروں اور شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور تمام جاری میونسپل و شہری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور سہولت بخش ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔




