ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے،CTOناصر جاوید رانا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ٹریفک قوانین سے آگاہی کے سلسلے میں سیمینار منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی CTO ناصر جاوید رانا تھے’ سیمینار میں میزبان سابق ناظم میاں ساجد حسین انجم’ سابق ایم این اے حاجی محمد اکرم انصاری’ سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام’ ممبر پنجاب بار کونسل رانا معظم عباس ایڈووکیٹ’ ڈاکٹر ندیم سہیل’ میاں ضیاء الحق ساجد ایڈووکیٹ’ پریس کلب کے نائب صدر زاہد محمود ڈوگر’ میاں اخلاق’ حافظ وقار’ حمد اسلام خواجہ’ ڈاکٹر محمد اسماعیل کے علاوہ انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ کرام اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی’ ٹریفک سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی CTO ناصر جاوید رانا نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنا ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے’سیمینار میں شریک تمام بہنیں اور بیٹیاں اپنے گھروں کے مردوںکو ٹریفک قوانین کی پابندی پر مجبور کریں اور جو خواتین سکوٹی استعمال کرتی ہیں وہ ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں گے’ انہوں نے کہا کہ اوورسپیڈنگ’ ون ویلنگ’ لائن اور لین کی خلاف ورزی سے پرہیز کریں تاکہ ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ہو سکے’ ٹریفک اشاروں کی پابندی نہ کرنا ہمارا المیہ ہے’ جب ایک شخص ٹریفک اشارے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو نہ صرف خود کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ دوسروں کو بھی نقصان سے دوچار کرتا ہے’لہٰذا ٹریفک سگنلز کو نہ توڑیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ کریں’ سیٹ بیلٹ کی عادت ڈالیں’ زندگی کی قدر کریں’ بے مقصد موت سے بچیں’سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے حاجی محمد اکرم انصاری’ سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام نے کہاکہ ڈیوکیسل ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے’ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے خواتین کو سکلڈ ایجوکیشن دینے کیلئے مختلف ووکیشنل پروگرام شروع کر رکھے ہیں جن سے مستفید ہو کر خواتین اپنا اور اپنے خاندان کفالت کر رہی ہیں’ انہوں نے کہا کہ خواتین نہ صرف خاندان بلکہ، معاشرہ اور قوم کی مثبت اقدار پر مبنی بنیاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، تعلیم سے لے کر کھیل تک، گھروں سے لیکر حکومت تک، پاکستانی خواتین کی استقامت اور کامیابیاں ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین نے آنے والی نسلوں کے لیے نئی راہیں ہموار کی ہیں’ خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے ہم میاں ساجد حسین انجم’ میاں ضیاء الحق ساجد کی کوششوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں’ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میزبان سابق ناظم میاں ساجد حسین انجم’ میاں ضیاء الحق ساجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈیوکیسل ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ خواتین کو ہنرمند بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے’ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی’ پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیت اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نام کمایا ہے اور آج خواتین عملی میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہیں’ ہم وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کیلئے آسانیاں فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے’ ہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین کو ہنرمند بنا رہے ہیںاور انہیں ایسا ماحول فراہم کر رہے ہیں جہاں خواتین بلا امتیاز و خوف اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں