گوجرہ ،شہر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے ،ڈپٹی کمشنر

گوجرہ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت عوامی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے تحصیل گوجرہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے شہر میں جاری متعدد فلاحی و ترقیاتی منصوبوں، طبی سہولیات اور تفریحی مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو بروقت تکمیل کی سخت ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی گوجرہ میں زیر تعمیر انڈر گراونڈ واٹر ٹینک کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے مستقل حل کیلئے اس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ گوجرہ کی تزئین و آرائش اور ٹف ٹائلز تنصیب کے کام کا جائزہ لیا اور شہریوں کو صاف ستھری، محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سہولت بازار کی تعمیراتی سرگرمیوں، سبزی منڈی میں سیوریج بہتری منصوبے، لیڈیز پارک کو جدید فیملی پارک میں تبدیل کرنے، علی اصغر پارک کی بحالی، باسکٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر اور جناح پارک کے صفائی نظام کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں سستی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام سکیمیں معیار، شفافیت اور مقررہ مدت میں مکمل ہونی چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کا دورہ بھی کیا، مریضوں سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، وارڈز کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چک نمبر 340 ج ب میں کھیلوں کے گراونڈ اور قبرستان کیلئے مجوزہ جگہ کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو جلد ریلیف اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں