زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی ضرورت ہے

ساہیوال(بیورو چیف)ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف فضا کو صاف رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس کے لان میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے سی جنرل غلام حسین بھٹی اور دفتر کے افسران اور عملے نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور پودے لگا کر مہم کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گھروں، محلوں اور اردگرد کے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنانا بھی بے حد ضروری ہے تاکہ یہ پودے تناور درخت بن سکیں۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ماحول کی بہتری کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں