فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں اے بی اے سنٹر کے کولیبوریشن کے تحت آٹزم آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی دو روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا،اس پروگرام کا مقصد بچوں میں آٹزم سے متعلق شعور بیدار کرنا اور بروقت تشخیص و رہنمائی فراہم کرنا تھا ۔ اس موقع پر شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی کے چیئرپرسن ڈاکٹر خالد محمود بھٹی، سی ای او اے بی اے سینٹر عثمان علی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں محمد عبید اللہ اور ڈاکٹر محمد کاشف منظور شامل تھے۔ مزید برآں ڈاکٹر زر تاشا، ڈاکٹر اسما ریاض، عائشہ مبین اور حافظ محمد یونس بھی اس پروگرام کا حصہ تھے۔پروگرام کے دوران ایک آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا، جبکہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے تمام ملازمین کے بچوں کے لیے مفت اسیسمنٹ کیمپ بھی لگایا گیا۔ اس کیمپ میں بچوں کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی اور والدین کو ان کے مسائل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے ہوئے ابتدائی علاج کا منصوبہ بھی تجویز کیا گیا۔آگاہی واک میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روف اعظم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔یہ سرگرمیاں اپریل کے مہینے میں منائے جانے والے آٹزم آگاہی ماہ کے تحت منعقد کی گئیں، جن کا بنیادی مقصد معاشرے میں آٹزم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور متاثرہ بچوں کی بروقت مدد کو یقینی بنانا تھا۔




