اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر قیادت پنجاب حکو مت کی ثقافتی ورثے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ تمام مذاہب کے لوگوں کو آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی روایات کی پاسداری کرنے کے قابل بنانے کی جامع پالیسیوں کو سراہا۔ سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر اور سیکرٹری کی صوبے میں ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی روابط اور شمولیت کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وراثتی مقامات کی حفاظت اور تمام کمیونٹیز میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے معاون فنڈنگ اور ادارہ جاتی حمایت کی فراہمی کی بھی تعریف کی۔وفاقی وزیر نے پاکستان کے ثقافتی تنوع، مذہبی ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ طاقتیں ملک کے بین الاقوامی امیج اور ثقافتی سفارت کاری کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعاون اور بین الاقوامی حمایت کے ذریعے، پاکستان اپنی قدیم بدھ مت کی وراثت اور وسیع تر ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہے، عالمی افہام و تفہیم، امن اور بین المذاہب تعاون کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ وراں سال حکومتی سطح پر بیساکھی کی تقریبات میں غیر ملکی سفیر شرکت کر رہے ہیں جو پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔وفاقی وزیر نے تمام مذہبی روایات کے احترام کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کے طور پر اس اقدام کی تعریف کی۔انہوں نے پاکستان میں مذہبی سیاحت میں اضافہ کے بارے میں امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے ملک کے بھرپور ثقافتی اور روحانی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی مسلسل حمایت اور بین الاقوامی شمولیت ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے اور عالمی زائرین کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔




