مکہ مکرمہ/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /بیوروچیف)سعودی حکومت کی جانب سے 12سال سے زائد عمر کے بچوں کو بھی حج کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے 15سال سے کم عمر بچوں کے حج پر پابندی کے اپنے حالیہ فیصلے کو واپس لیتے ہوئے پرانی پالیسی بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس نئی پیش رفت کے بعد اب 12سال اور اس سے زائد عمر کے بچے دوبارہ فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔اس سے قبل سعودی حکام نے بڑھتی ہوئی گرمی اور رش کے پیش نظر 15سال سے کم عمر بچوں کے حج پر پابندی عائد کی تھی، جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہزاروں عازمین متاثر ہوئے تھے تاہم اب جاری کردہ نئی ہدایات کے تحت 15سال کی نئی حد ختم کرکے دوبارہ 12سال کردی گئی ہے۔سعودی حکام نے بتایاہے کہ وہ ویزے جو پہلے اعلان کردہ پابندی کی وجہ سے مسترد یا منسوخ کر دیئے گئے تھے، انہیں اب دوبارہ پراسیس کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں 12سال سے زائد عمر کے تمام بچے اپنے والدین کے ہمراہ سفر حج پر روانہ ہو سکیں گے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل حج پاکستان کی جانب سے جاری مراسلہ میں متاثرہ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ جن بچوں کی درخواستیں عمر کی حد کی وجہ سے مسترد ہوئی تھیں، انہیں دوبارہ جمع کرایا جائے، وزارت مذہبی امور اور حج ڈائریکٹوریٹ نے ان کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے تاکہ پروازوں کے شیڈول سے قبل ویزے لگ سکیں۔حکا م کے مطابق اس سے قبل پاکستان کے تقریباً 450سے زائد بچے اس پابندی سے متاثر ہو رہے تھے، جن میں سے اکثریت اب دوبارہ حج پر جا سکے گی، خاص طور پر وہ خاندان جو اپنے بچوں کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار تھے، انہوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمر کی حد میں نرمی کا فیصلہ عازمین کی سہولت اور عوامی مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے، تاہم والدین دورانِ حج بچوں کی صحت اور حفاظت کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔




