فائر فائٹرز ڈے’ آگ سے جنگ لڑنے والے ہیروز کو سلام

اسلام آباد (بیوروچیف) ہر سال4مئی کو دنیا بھر میں انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے منایا جاتا ہے، جس کا مقصد ان بہادر مردوں اور خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دوسروں کی زندگیاں بچاتے ہیں۔یہ دن نہ صرف شہید فائر فائٹرز کی قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے بلکہ موجودہ فائر فائٹرز کی خدمات کو سراہنے کا عالمی پیغام بھی ہے۔یہ دن 1999 میں آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ کے دوران پانچ فائر فائٹرز کی المناک شہادت کے بعد متعارف کروایا گیا۔ 4 مئی کا انتخاب سینٹ فلورین کے دن کی مناسبت سے کیا گیا، جو فائر فائٹرز کے سرپرست بزرگ مانے جاتے ہیں۔ اس دن سرخ اور نیلے ربن پہن کر آگ اور پانی (فائر فائٹرز کے بنیادی عناصر) کی علامت کے طور پر اظہارِ یکجہتی کیا جاتا ہے۔فائر فائٹرز کا کام صرف آگ بجھانا نہیں بلکہ قدرتی آفات، عمارتوں کے انہدام، صنعتی حادثات، ٹریفک سانحات اور ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کرنا بھی ہے۔ وہ ایسے محاذ پر ہوتے ہیں جہاں ایک لمحے کی تاخیر انسانی جانوں کے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔دنیا بھر میں فائر فائٹرز اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں کے دوران شدید خطرات مول لیتے ہیں۔ دھواں، زہریلی گیسیں، گرنے والی عمارتیں، دھماکے اور محدود وسائل، یہ سب ان کے روزمرہ چیلنجز کا حصہ ہیں۔ اس کے باوجود وہ ہر کال پر اپنی جان خطرے میں ڈال کر پہنچتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں