جڑانوالہ(نامہ نگار)رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین سیٹنڈنگ کمیٹی 1122سردار خان بہادر ڈوگر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ میں مزید تین ڈائیلاسز مشینوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جعفر حسین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔افتتاح کے بعد ایم پی اے خان بہادر ڈوگر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایم ایس ڈاکٹر جعفر حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں پہلے پانچ ڈائلسس مشینیں موجود تھیں، جبکہ مزید تین مشینوں کے اضافے کے بعد اب مجموعی تعداد آٹھ ہو چکی ہے، جس سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔اس موقع پر ایم پی اے سردار خان بہادر ڈوگر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،اور صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بعد ازاں ہیلتھ کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ہسپتال کے امور اور عملے کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں یقین دہانی کروائی گئی کہ ڈاکٹروں اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی تنخواہیں حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہوتے ہی فوری طور پر ادا کر دی جائیں گی۔




