فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صحافی برادری کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر صحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی سچائی کی تلاش، عوامی مسائل کی نشاندہی اور حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں معلومات کی تیز تر فراہمی کے ساتھ ساتھ درست اور مصدقہ خبر کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، لہذا صحافیوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پیشہ ورانہ دیانتداری اور غیر جانبداری کو ہر صورت مقدم رکھیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ فیصل آباد جیسے صنعتی شہر میں صحافی مقامی مسائل، شہری ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور عوامی مشکلات کو موثر انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔ وہ عوام اور حکام کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔




