فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نادھندہ الاٹیز سے بقایاجات کی وصولی کے لئے سخت ترین اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ بار بار نوٹسز کے باوجود بقایاجات ادا نہ کرنے والوں کے پلاٹس منسوخ کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ایف ڈی اے آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران نادھندگان سے بقایاجات کی وصولی کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹرز سہیل مقصود پنوں، جنید حسن منج، اسما محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو ودیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے دیرینہ نادھندگان کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی او ر کہا کہ اس ضمن میں قانون کی عملدراری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیرقانونی کمرشلائزیشن کی روک تھام کے لئے کڑی مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ رہائشی جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے قانون کے مطابق منظوری حاصل نہ کرنے والوں اور کمرشلائزیشن واجبات جمع نہ کرانے والوں کی جائیدادیں فوری طور پر سربمہر کریں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈویلپمنٹ کے خلاف عائد جرمانوں کے واجبات وصول کرنے کے لئے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں ”پلانٹس فار جنریشن” کے تحت جاری شجرکاری مہم کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور لگائے گئے پودوں کی صورت حال کا معائنہ کرنے ہوئے تلقین کی کہ پودوں کی بقا کے لئے بہترین نگہداشت اور دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سیکورٹی امور اور صفائی ستھرائی کے معیار کو باقاعدگی سے برقرار رکھنے کی تاکید کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر/ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں نے الاٹیز کے ذمہ بقایاجات کی تفصیلات اور شجر کاری کی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں مختلف اقسام اور کم از کم پانچ فٹ سائز کے ساڑھے تین ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں۔




