ٹریفک جرمانوں میں کمی،گورنر پنجاب کے دستخط کا منتظر

لاہور)بیورو چیف)ٹریفک جرمانوں میں کمی سے متعلق قانون حتمی منظوری کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور اب گورنر پنجا ب کے دستخط کا منتظر ہے۔پنجاب اسمبلی نے صوبا ئی موٹر گاڑیاں چوتھا ترمیمی بل 21اپریل کو منظور کیا تھا جسے گزشتہ ہفتے گورنر پنجاب کو توثیق کے لیے ارسال کر دیا گیا تاہم تاحال اس پر دستخط نہیں ہو سکے۔ بل کے متن کے مطابق مختلف گاڑیوں کے جرمانوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔موٹر سائیکل کے بعض چالان 2ہزار سے کم کر کے 1ہزار روپے کر دیے گئے جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 2ہزار ہوگا۔رکشہ ڈرائیورز کے لیے چند خلاف ورزیوں پر جرمانہ 3ہزار سے کم کر کے 1ہزار کر دیا گیا، جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 2ہزار جرمانہ ہوگا۔کار اور جیپ کے لیے بعض جرمانے 5ہزار سے کم کر کے 2ہزار روپے کر دیے گئے، تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر 5ہزار جرمانہ برقرار رہے گا۔اوور اسپیڈنگ کے جرمانے موٹر سائیکل، رکشہ اور کار کے لیے برقرار رکھے گئے ہیں۔مزید برآں 2000سی سی اور لگژری گاڑیوں کے جرمانے 20ہزار سے کم کر کے 10ہزار کر دیے گئے جبکہ کم از کم جرمانہ 2ہزار مقرر کیا گیا ہے۔مزدا، کوسٹر اور لائٹ کمرشل گاڑیوں کے جرمانے 20ہزار سے کم کر کے 7ہزار کر دیے گئے ہیں جبکہ ٹرک، بسوں اور دیگر ہیوی گاڑیوں کے زیادہ سے زیادہ جرمانے 20ہزار سے کم کر کے 10ہزار کر دیے گئے ہیں۔سیکرٹری پارلیمانی امور کے مطابق ترمیمی بل گورنر پنجاب کو باقاعدہ ارسال کیا جا چکا ہے اور دستخط کے بعد یہ نئی شرحیں صوبے بھر میں نافذ ہو جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں