فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن ”ستھرا پنجاب” کے تحت ضلع بھر میں بھی ڈیپ کلیننگ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے جس کا مقصد شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ڈیپ کلیننگ مہم کے دوران اہم شاہراہوں ، گلی محلوں، بازاروں اور پبلک مقامات پر خصوصی صفائی آپریشن کیا جا رہا ہے۔ کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، سڑکوں کی دھلائی، دیہات میں نالیوں کی ڈیسلٹنگ اور کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ اس مہم کا حصہ ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن عطا المحسن بھی انکے ہمراہ تھے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی کا کہنا تھا کہ مانیٹرنگ سٹاف، مشینری اور ویسٹ کلیکشن ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں تا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنے علاقے کو صاف ستھرا بنانے میں ستھرا پنجاب کی ٹیموں کا ساتھ دیں۔ کوڑا کرکٹ ویسٹ کنٹینرز میں پھینکیں۔ شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن 1139یا واٹس ایپ نمبر 03000191139پر رابطہ کریں۔




