پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں پٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں ایک سروے کیا گیا جس میں شہریوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ سروے کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے فوری اثرات روزمرہ استعمال کی اشیا پر پڑے ہیں۔ آٹا، چینی، گھی، سبزیاں اور دالوں سمیت تقریبا تمام بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہونے سے نہ صرف سفر مہنگا ہوا بلکہ اشیا کی ترسیل کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کا بوجھ براہِ راست عوام پر منتقل ہو رہا ہے ۔ایک شہری محمد اشفاق نے بتایا کہ پہلے جو سامان ایک ہزار روپے میں آ جاتا تھا اب وہی دو ہزار میں بھی مشکل سے ملتا ہے ۔ آمدن وہی ہے مگر اخراجات دگنے ہو گئے ہیں۔اسی طرح ایک خاتون صائمہ بی بی کا کہنا تھا کہ گھریلو بجٹ مکمل طور پر متاثر ہو چکا ہے ، بچوں کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔سروے میں شامل دکانداروں نے بھی اس صورتحال کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق سپلائرز کی جانب سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے وہ بھی مجبوری میں نرخ بڑھا رہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو کاروبار مزید متاثر ہوگا۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں