طلبہ کی رہنمائی اور فلاح کیلئے کونسلنگ سنٹرز قائم کرنیکا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری کالجز میں طلبا کی رہنمائی اور فلاح کے لیے کونسلنگ سنٹرز قائم کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلبا کی کردار سازی، ذہنی صحت کی بہتری اور انہیں بہتر مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔حکام کے مطابق ان کونسلنگ سنٹرز میں طلبا کو 13 مختلف اقسام کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن میں نفسیاتی معاونت اور سوشو اکنامک رہنمائی شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ طلبا کو صحت، صفائی (ہائیجین)اور تعلیمی امور سے متعلق بھی آگاہی دی جائیگی تاکہ ان کی مجموعی نشوونما ممکن بنائی جا سکے۔سنٹرز میں کیریئر کونسلنگ ، روزگار کے مواقع، اسکل ڈویلپمنٹ اور پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی، جس سے طلبا کو عملی زندگی میں بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے سیکرٹری نے ہدایت جاری کی ہے کہ ان کونسلنگ سنٹرز کو فوری طور پر قائم کیا جائے اور انہیں فعال بنا کر ان کی افادیت ثابت کی جائے۔ اسی سلسلے میں ڈی پی آئی کالجز نے تمام کالجز کے سربراہان کو ضروری احکامات جاری کر دیے ہیں۔ہدایت کے مطابق تمام اداروں کے سربراہان کونسلنگ سنٹرز کی کارکردگی سے متعلق ماہانہ رپورٹس بھی ارسال کریں گے تاکہ اس منصوبے کی مثر نگرانی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں