آرٹ اور ادب زندگی کی حقیقتوں کو احسن انداز میں پیش کرنیکا ذریعہ ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ آرٹ اور ادب انسانی سوچ کو تخلیقی زاویوں سے رعنائیاں فراہم کرتے ہوئے ذہنی نشوونما، سماجی ہم آہنگی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے کلیدی کردار کے حامل ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے11ویں لائل پور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام منعقدہ اس چار روزہ میلے میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے طلبہ، محققین اور فنکار شریک ہیں۔ اس موقع پر ڈین ایگریکلچر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، رجسٹرار آصف کامران، ٹریژررذیشان اشفاق بخاری ، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر حماد بدر، ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد اسلم، ڈاکٹر اعجاز سلیم، پرنسپل آفیسر جہانزیب طارق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز ڈاکٹر ندیم عباس،چیف ہال وارڈن ڈاکٹر حمیرا رزاق اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ آرٹ اور ادب دنیا کو خوبصورتی بخشنے اور زندگی کی حقیقتوں کو احسن انداز میں پیش کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ فن اور ادب انسانی تہذیب کی دھڑکن ہیں جو محض تفریح نہیں بلکہ ہمدردی کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں اور انسان کو دوسروں کے تجربات اور جدوجہد سمجھنے کے قابل بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور فکری ترقی کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں