فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کلاش فیکٹری کی بس تلے آ کر نوجوان جاں بحق’ مکوآنہ میں سمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کا پولیس پارٹی پر حملہ’ تھانیدار’ 3کانسٹیبل سمیت 5افراد زخمی’ فضائی آلودگی میں ملوث دو فیکٹری مالک قانون کے شکنجہ میں آ گئے’ مضرصحت گوشت فروخت کرنیوالے قصاب گرفتار’ قاتلانہ حملوں میں 2افراد لہولہان ہو گئے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق ملت ٹائون کا رہائشی مہندی ولد اقرار علی سائیکل پر جا رہا تھا کہ کلاش فیکٹری کے قریب تیز رفتار بس کی زد میں آ کر کچلا گیا، مضروب کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ تھانہ صدر کے اے ایس آئی یعقوب نے بتایا کہ وہ مکوآنہ میں سمارٹ لاک ڈائون کے دوران دکانیں بند کروانے گئے تو دکانداروں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا اور ڈنڈوں اور اینٹ لگنے سے تھانیدار یعقوب’ کانسٹیبل ڈرائیور شہباز’ محمد انور’ مظہر اور راہگیر علی احمد بری طرح زخمی ہو گئے، سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، پولیس نے 10نامزد سمیت 25افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 8افراد عمیر’ عبداﷲ’ شوکت’ علی حسنین’ صفدر علی’ عطاء الرحمن’ ارسلان اور آفتاب کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کے انسپکٹر حبیب احمد نے بٹالہ کالونی کے علاقہ راجہ غلام رسول نگر میں چھاپہ مار کر فضائی آلودگی کا موجب بننے والی دو فیکٹریوں ماسٹر ڈائنگ کے مالک عبدالقیوم اور الحبیب ڈائنگ کے مالک نسیم کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے روشن والا بائی پاس کے قریب چھاپہ مار کر مضرصحت بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے قصاب علی رضا کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔علاوہ ازیں کھرڑیانوالہ کے علاقہ211ر۔ب میں عداوت کی بنا پر مشتعل ملزمان فرمان، عدیل وغیرہ نے کلہاڑی اور ڈنڈوں کے کلہاڑی اور ڈنڈوں کے وار کر کے مخالف ارشد علی اور تھانہ صدر کے علاقہ78گ ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مخالف ابو ہنزہ کو درانتی کے وار کر کے بری طرح لہولہان کر دیا، حملہ آور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔




