فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرکمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے تحصیل شورکوٹ کا دورہ کیا۔وہ چناب کالج گئیں اور مختلف شعبے دیکھے۔انہوں نے کمپیوٹر لیب،ڈیجیٹل لائبریری،اکیڈمک بلاکس کا دورہ کرکے دستیاب سہولیات،تدریسی سرگرمیوں ، تعلیمی نتائج پر بریفنگ لی۔انہوں نے کالج کے سبزہ زار میں پودا لگایاجبکہ چناب کالج شورکوٹ کی پرشکوہ عمارت کو سراہا۔انہوں نے کالج میں سولرائزیشن،واٹر فلٹریشن پلانٹ کے قیام پر شاباش دی اور کہا کہ چناب کالج کو بہترین تعلیمی ادارہ بنایا جائے جہاں طالب علموں کو بامقصد تعلیم کے ساتھ معیاری تربیت کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔کمشنر نے باہو پارک جاکر تفریحی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے بریفنگ دی۔کمشنر نے وسیع وعریض پارک میں سرسبزوشادابی،پبلک ٹائلٹس،بچوں کے لئے تفریحی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر فیصل آباد نے جھنگ روڈ پر بیوٹیفکیشن پراجیکٹس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اورباقی ماندہ کاموں کو بھی تیزی سے مکمل کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کی تحصیلوں میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شورکوٹ کا دورہ بھی کیا اورادویات سٹور میں میڈیسن کی دستیابی وریکارڈ چیک کیا۔انہوں نے ویٹنگ ایریا میں موجود مریضوں اور لواحقین سے علاج معالجہ،ادویات ملنے،ڈاکٹرز کی طرف سے چیک اپ بارے دریافت کرتے ہوئے بعض مریضوں کی شکایت پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کی۔انہوں نے مشینری کی ورکنگ کا جائزہ لیا اورصفائی کا معیار دیکھا۔کمشنر نے ہسپتال کے اندرونی روڈ کی فوری مرمت وبحالی کا حکم دیا اور ویٹنگ ایریا میں نئے بینچز رکھوانے کی تاکید کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتالوں کو شکایت فری بنانا ترجیح ہے۔کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے سرکاری بقایا جات کی ریکوری کا باقی ماندہ ہدف بھی مکمل کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے تحصیل بھر میں صفائی کے معیار پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ یونین کونسل سطح پر شیڈول مرتب کرکے ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔انہوں نے شہر میں پبلک ٹائلٹس کی موجودگی کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔عوامی خدمت کا اعلی ترین معیار قائم کیا جائے تاکہ اعتماد میں اضافہ ہو۔




