سکول عمارتوں کی پائیداری کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر میں نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور سکول عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سیکشن آفیسر اکیڈمیز احمد بلال خان کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں متعدد نجی سکول DRAS/DEAS کیساتھ رجسٹریشن کے بغیر کام کر رہے ہیں، جس پر مجاز اتھارٹی نے سخت نوٹس لیا ہے۔محکمہ نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (DEAs)کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ قانون کے مطابق تمام نجی سکولوں کی رجسٹریشن یقینی بنائیں اور غیر رجسٹرڈ سکولوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کریں۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع سے سات روز کے اندر جامع رپورٹ طلب کر لی گئی ہے جس میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سکولوں کی تعداد، وصول کردہ جرمانوں اور کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام نجی اور سرکاری سکولوں کیلئے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہے تاکہ طلبا کی حفاظت اور تعلیمی اداروں کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام CEOs (DEAs) کو ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کر دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں