ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور محفوظ خوراک ویژن کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈان جاری ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں مختلف فوڈ پوائنٹس، سپلائرز اور فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کے احکاما ت پر جاری کارروائیوںکے دوران 164فوڈ پوائنٹس، سپلائرز اور فوڈ یونٹس کو چیک کیا گیا جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 19 فوڈ دکانداروں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 74 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید برآں ایک من سے زائد ملاوٹی دودھ، ایکسپائر بسکٹ اور میونیز تلف کر دی گئی جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر ایک فوڈ یونٹ کو اصلاح تک بند کر دیا گیا۔علی الصبح ناکہ بندیوں کے دوران 48 دودھ سپلائرز اور 15 ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران سابقہ دی گئی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی، ٹوٹے فرش، صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بہتات جیسے سنگین نقائص سامنے آئے جن پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کا کہنا تھا کہ ریٹیلر سے ڈسٹری بیوشن اور ہول سیلرز تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی جاری ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک میں جعلسازی کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کا خاتمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا نصب العین ہے۔




