فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پولیس نے قتل واقدام قتل کے مقدمات میں ملوث دو ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے یو اے ای سے گرفتار کر لیا جبکہ ٹھیکری والا کے علاقہ میں مقدمہ قتل کے ملزم باپ بیٹے کو بھی گرفتار کرلیا گیا گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مریدوالہ کے علاقہ 205 گ ب میں 13جون 2015ء کو مقدمہ بازی کی بناء پر ملزم فیصل عمران نے فائرنگ کر کے مخالف شبیر احمد کو قتل اور اشفاق کو بری طرح زخمی کر دیا اور بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ جبکہ تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ جھنگ روڈ پر گو پٹرول پمپ کے قریب 6دسمبر 2019ء کو مقدمہ بازی کی بناء پر ملزم فردول اعظم نے فائرنگ کر کے اکبر خان کو قتل کر دیا تھا اور وہ بھی بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ تاہم انچارج ریڈنوٹس انسپکٹر عاصم ذوالفقار نے مذکورہ ملزمان کے ریڈوارنٹ جاری ہونے پر یو اے ای سے گرفتار کر کے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا انسپکٹر علی عمران نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر قتل واقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم پرویز ولد بشیر احمد اور اس کے بیٹے سہیل ولد پرویز کو گرفتار کر لیا۔ مذکورہ باپ بیٹے نے تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 82 ج ب میں تین سال قبل 31مئی 2023ء کو فائرنگ کر کے عبدالمجید کو قتل اور اسکی اہلیہ حنیفاں بی بی اور اس کے بیٹے بابر کو زخمی کر دیا تھا۔




