ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) محکمہ تعلیم فیصل آباد کی جانب سے فیصل آباد کے سرکاری اسکولوں میں دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد رائو عبدالکریم نے مراسلہ جاری کیا ہے کہ اساتذہ اور دیگر عملہ تدریسی اوقات میں موبائل فون اپنے پاس نہیں رکھ سکیں گے۔جاری کردہ پالیسی کے تحت پرائمری اور ایلیمنٹری اسکولوں کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کو اپنے موبائل فون متعلقہ ہیڈ ٹیچر یا ادارہ سربراہ کے پاس جمع کروانا ہوں گے، جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تعینات اساتذہ اپنے موبائل فون اسکول کلرک کے پاس جمع کروائیں گے۔محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانا، اساتذہ کی تدریسی سرگرمیوں پر مکمل توجہ یقینی بنانا اور طلبہ کیلئے مثر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ پالیسی پر عملدرآمد کیلئے مختلف اسکولوں کے سربراہان کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔




