پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام معرکہ حق کے حوالے سے ریلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معرکہ حق بنیان المرصوص کا ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں پاکستان پیپلز پارٹی سٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام چوک کچہری بازار سے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی سٹی فیصل آباد کے صدر رانا نعیم دستگیر خاں ۔ نائب صدر سنٹرل پنجاب چوہدری ارشد جٹ ۔ جنرل سیکرٹری میاں اشفاق حسین ۔ سنئیر نائب صدر سٹی شیخ محمد اسلام۔سابق ڈپٹی مئیر محترمہ سکینہ چوہدر ی ایڈووکیٹ نے کی ۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ معرکہ حق ہی دراصل راہ حق ہے اور راہ حق پر چلنا مومن کا ہی شیوہ ہے۔ 10مئی2025 کے دن پاک فوج کے جانبازوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جس طرح سے ہندوستان کی رافیل طیاروں کو نشانہ بنایا اور اس کے غرور کو خاک میں ملایا اس کی نظیر کہیں اور دیکھائی نہیں دیتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک آرمی مجاہدوں نے جنرل سید حافظ عاصم منیر کی قیادت میں ہندو رام راج کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا کر رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ آج اقوام عالم بنیان المرصوص (سیسہ پلائی دیوار) کی معترف نظر آ رہی ہے ۔ پاک فوج نے جسطرح سے پاکستان کو فتح المجید سے ہم کنار کیا اس پر پوری قوم پاکستان کی بہادر افواج کے سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی زمینی فوج کے ساتھ ساتھ اس کی ائیر فورس کے شاہینوں نے ہندوستانی فضائیہ کو دندان شکن جواب دیتے ہوئے اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے ۔ ایسے تاریخی کارنامے انجام دینا ہمیشہ ہی سے پاک فضائیہ کی روایات میں شامل رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں