فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ جھال پل ریلوے گرائونڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کا ایک ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا، پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی میاں واجد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جھال پل کے نیچے ناکہ بندی کے دوران موٹرسائیکل سوار 3افراد کو مشکوک ہونے پر رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے ریلوے گرائونڈ کی طرف بھاگے، تاہم پولیس نے تعاقب کیا تو موٹرسائیکل چھوڑ کر جھاڑیوں میں چھپ کر فائرنگ کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں پڑے تھے، جن کی شناخت سلامت مسیح ولد امانت مسیح سکنہ کچی آبادی نشاط آباد اور دلدار ولد کاکے شاہ سکنہ اعظم آباد رضاآباد کے ناموں سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور دو درجن سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ تاہم ان کا تیسرا ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




