فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاندلیانوالہ کے علاقہ طیبہ ٹائون میں کھلے مین ہول میں گر کر 4 سا لہ بچی جاں بحق ہو گئی’ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے اڑھائی ماہ پرانے استغا ثہ پر نجی ہائوسنگ سوسائٹی طیبہ ٹائون کے مالک شہزاد اکبر کے خلاف طیبہ ٹائون میں گٹروں کے ڈھکن نہ لگوانے پر 188 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ طیبہ ٹائون کے رہائشی وسیم کی چار سالہ اکلوتی بیٹی ہانیہ گھر کے باہر کھیلتے ہوئے سیوریج کے کھلے مین ہول میں گر گئی، اہل خانہ بچی کو تلاش کرتے رہے اور تاہم بچی کی نعش گٹر سے ملنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال ہو گئے، بچی کے گٹر میں گرنے سے ہلاکت پر تاندلیانوالہ انتظامیہ اور پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک اور میونسپل کارپوریشن کو گٹروں کے ڈھکن نہ ہونے بارے آگاہ کیا تھا لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ یاد رہے کہ لاہور میں گٹر کا ڈھکن نہ ہونے پر ہلاکتوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیتے ہوئے لاہور’ فیصل آباد سمیت پنجاب میں مین ہولز کے ڈھکن چیک کرنے اور جن گٹروں پر ڈھکن نہ ہیں ان پر ڈھکن رکھوانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم تاندلیانوالہ انتظامیہ اس سے بے خبر رہی اور ننھی ہانیہ گٹر میں آ کر زندگی کی بازی ہار گئی۔ بچی کی ہلاکت کے بعد تاندلیانوالہ انتظامیہ اور سٹی تاندلیانوالہ پولیس نے ملی بھگت سے پرانی تاریخ 20فروری 2026ء کو انفورسمنٹ انسپکٹر ریگولیشن وسیم ولد عبدالغنی کی درخواست پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گزشتہ روز 10مئی 2026ء کو نجی ہائوسنگ سوسائٹی طیبہ ٹائون کے ڈویلپر شہزاد اکبر کے خلاف طیبہ ٹائون میں گٹروں کے ڈھکن نہ رکھوانے پر 188 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ تاہم بچی کی ہلاکت پر علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی۔




