ہولناک حادثہ،موٹر سائیکل ٹریفک سگنل پر جا لٹکی

اوٹاوا (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا میں ایک ہائی اسپیڈ ٹریفک حادثے کے دوران ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا جس نے دیکھنے والوں کو دنگ کر دیا، حادثے میں ایک موٹر سائیکل فضا میں بلند ہو کر ٹریفک لائٹ پر جا لٹکی جبکہ اس کا سوار شدید زخمی ہو گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز ایک مصروف چوراہے پر اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل اور کار میں زور دار ٹکر ہوئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل ہوا میں اچھل کر ٹریفک سگنل کے ڈھانچے سے جا اٹکی۔ پولیس کے مطابق جائے حادثہ پر پہنچنے پر سڑک پر ہر طرف ملبہ بکھرا ہوا تھا جبکہ موٹر سائیکل غیر معمولی طور پر ٹریفک لائٹ پر معلق تھی۔رپورٹس کے مطابق موٹر سائیکل سوار کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک مگر جان لیوا نہیں بتائی گئی۔ خوش قسمتی سے کار کا ڈرائیور محفوظ رہا۔ عینی شاہدین نے اس واقعے کو فلمی منظر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسا حادثہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ ایک شہری کے مطابق موٹر سائیکل کا اس طرح ٹریفک لائٹ پر جا پہنچنا ناقابلِ یقین تھا۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موٹر سائیکل کو احتیاط سے نیچے اتارا جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں