فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) فیصل آباد ڈویژن میں حکومتی رٹ چیلنج’ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی گھمبیر’ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں حکومتی ایم پی اے کے ڈیرے پر ہونیوالے قاتلانہ حملے نے پولیس حکام کے دعوئوں کی قلعی کھول دی، روزانہ ہونیوالی ڈکیتی’ راہ زنی’ اغواء برائے تاوان سمیت سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار’ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا نوٹس اور ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران پولیس افسران کی کی جانیوالی سرزنش بھی کسی کام نہ آ سکی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے اہم ترین ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے تھانہ رجانہ کے نواحی گائوں 184 گ ب میں حکومتی ایم پی اے کرنل (ر) ایوب خاں گادھی کے ڈیرے پر مسلح افراد نے سرعام اور سرشام جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہو کر حملہ کر دیا اور آتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر ایم پی اے کرنل (ر) ایوب خاں گادھی’ ان کے ساتھی شہباز اور ریاض شدید زخمی ہو گئے جبکہ اس خوفناک حملے میں ایوب خاں گادھی کے بھتیجے ضیغم عباس گادھی اور تین کزنز ندیم گادھی’ حق نواز گادھی’ خالق داد گادھی موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ تشویشناک حالت کے پیش نظر ایم پی اے کرنل (ر) ایوب خاں گادھی کو لاہور منتقل کر دیا گیا، اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا موقع پر پہنچ گئے، ڈی پی او ٹوبہ بھی پولیس کی نفری لیکر آ گئے۔ ایوب خاں گادھی کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔ لیکن آخری اطلاعات موصول ہونے تک ملزمان پکڑے نہ جا سکے۔ حکومتی ایم پی اے کے ڈیرے پر ہونیوالے خوفناک حملے نے فیصل آباد ریجن میں امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال کی قلعی کھول دی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کیلئے پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے اس واقعہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر اور ڈی پی او ٹوبہ کی سخت الفاظ میں سرزنش کی ہے۔ عین ممکن ہے کہ اس واقعہ پر کسی بڑے پولیس افسر کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پراپرٹی ڈیلر کے گھر ڈاکہ’ ذہنی معذور شخص نے خودکشی کر لی’ کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق’ کمسن بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق سمندری روڈ پر عبداﷲ گارڈن کے رہائشی پراپرٹی ڈیلر سلیم اقبال نے بتایا کہ علی الصبح 3مسلح ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر داخل ہوئے، گن پوائنٹ پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر کمرہ میں بند کر دیا، ایک اہلخانہ پر پہرہ دیتا رہا جبکہ اس کے دو ساتھیوں نے گھر کے مختلف کمروں’ الماریوں کی تلاشی لی اور 60لاکھ نقدی’ ڈیڑھ لاکھ کے ایرانی ریال’ 6لاکھ بانڈز’ 11تولے طلائی زیورات اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ سمن آباد پولیس ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ 420 گ ب میں ذہنی معذور اﷲ دتہ اور مدد علی نے گائوں کے باہر خالی حویلی میں جا کر گلے میں رسہ ڈال کر گارڈر سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ بلوچنی کے علاقہ میں سوئمنگ پول پر نہاتے ہوئے 12سالہ ہاشم سوئمنگ پول میں ڈوب گیا، جسکو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ علاوہ ازیں تھانہ ستیانہ کے علاقہ 77 گ ب میں ڈیرہ پر کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے مزمل سکنہ 425 گ ب زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔دریں ثناء ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد میں ڈاکو راج برقرار، آج پھر58 وارداتوں کے دوران لاکھوں کا مال و اسباب لوٹ لیا گیاجبکہ اوباش افراد نے 2خواتین اور 4نوجوان کو اغوا کر لیا، تفصیل کے مطابق نشاط آباد کے علاقہ7ج ب کی بشیراں بی بی کی جواں سالہ بیٹی(ن) کو نامعلوم ملزمان، جڑانوالہ کے علاقہ ویورز کالونی کے ارشد کی بیٹی(ع) کو ملزمان افضل وغیرہ نے اغوا کر لیا، جھنگ بازار کے علاقہ رشید آباد کے عمر فاروق کا بھائی ذیشان، سرگودھا روڈ کے علاقہ نور پور کے باہر جاوید کا بیٹا سمیع اللہ، ڈجکوٹ کے علاقہ205ر۔ب کے علی رضا کا بھائی علی حسن اور جڑانوالہ کے علاقہ71گ ب کے رہائشی سرور مسیح کا بیٹا سجاول گھر سے سودا سلف لینے گئے واپس نہ آئے، جنہیں نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا، جبکہ کارخانہ بازار کے قریب کرن سے جھپٹا مار کر پرس، فیض آباد کے ارشد سے20ہزار و فون، ولی پورہ کے علی اکبر سے 40ہزار و فون، غلام محمد آباد کے رمضان سے16ہزار و فون چھین لیا، گارڈن ٹائون کے بلال کی ورکشاپ سے لاکھوں کا سامان چوری، عبداللہ پور پل کے قریب شاہد سے جھپٹا مار کر فون،213ر۔ب کے اسامہ سے25ہزار و فون، نور پور قبرستان کے قریب عارف سے جھپٹا مار کر فون،صدیق آباد کے شفیق کے گھر کے تالے تو ڑ کر قیمتی سامان چوری، چناب مل کے باہر کرن شہزادی سے جھپٹا مار کر پرس،202ر۔ب گٹی کے اشرف کے گھر سے لاکھوں کا سامان چوری، یاسر ٹائون میں عاصم کے بیٹے سے جھپٹا مار کر فون چھین لیا، چلڈرن پارک کے عمران کے زیر تعمیر گھر سے سامان چوری، 164ر۔ب کے تجمل کی حویلی سے بچھڑا چوری،PSOپمپ جھمرہ کے قریب ظفر اقبال سے20ہزار و فون، 67ج ب کے وقاص کی دکان سے کمبل چوری،75گ ب کے نسیم کے گھر کے تالے توڑ کر لاکھوں کے زیورات نقدی وقیمتی سامان چور لے اڑے،اعوان والا کے اخترکے گھر سے بکرے چوری،76گ ب کے سلیم سے موٹر سائیکل نقدی و فون چھین لیا، نور پورہ سے فضل کریم کی دکان کے تالے توڑ کر بھاری مالیت کا سامان چوری،کینال روڈ پر عبدالواحد سے9سو روپے و فون، 225ر۔ب کے علی اعجاز کے گھر سے سولر پلیٹس چوری، 73ج ب کے عتیق الرحمان کی دکان سے سامان چوری، شالیمار روڈ پر خدا بخش سے25ہزار و فون، غوث نگر کے شکیل احمد سے20ہزار و فون،257ر۔ب کے محسن سے8لاکھ چھین لیا،283گ ب کے ظفر علی سے9ہزار و فون،109ر۔ب کے ذوالفقار علی کی حویلی سے مویشی چوری، 493گ ب میں فرمان شبیر کو باندھ کر کھیتوں میں پھینک کر نقدی وفون چھین کر لے گئے، 402گ ب کے زہرے خان سے65ہزار و فون،608گ ب کے سمیع اللہ کے ڈیہر یس کھاد کی 4بوریاں چوری،543گ ب کے معصوم علی کے ڈیرہ سے لاکھوں کے مویشی چوری، 140 گ ب کے ذوالفقار علی سے ایک لاکھ،461گ ب کے عثمان علی سے موٹر سائیکل نقدی و فون،203گ ب کے اظہار الحق کی حویلی سے مویشی چوری،484گ ب کے یوسف سے14ہزار و فون،197گ ب کے سجاد کے گودام سے سامان چوری،47گ ب کے شکیل کا گھر لوٹ لیا، دیگر وارداتوں میں بھی لاکھوں لوٹ لئے، علاوہ ازیں زرعی یونیورسٹی سے عثمان فاروق، جھنگ بازار سے رضا علی، سدھوپورہ سے طاہر، جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سے محسن، ڈی گرائونڈ سے غلام رسول، گٹ والا پارک سے محمد خان، گلستان کالونی کے عمیر، 277گ ب کے احسان، 527گ ب کے شفیق اور دیگر کی موٹر سائیکلیں اور رکشے چور لے اڑے۔ پولیس ناکہ بندیو ںکے باوجود سماج دشمن عناصر کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔




