کمشنر کا غلہ منڈی شہر سے باہر منتقل کرنیکا عندیہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے غلہ منڈی اور ہول سیل مارکیٹ کو شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کا عندیہ دے دیا اس ضمن میں متعلقہ تاجروں کو آن بورڈ لیا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد سے انجمن تاجران سکا گروپ اور سپریم انجمن تاجران کے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔صدر انجمن تاجراں خواجہ شاہد رزاق سکا اور صدر انجمن تاجراں محمد اسلم بھلی،سابق ایم این اے میاں عبدالمنان سمیت بازاروں کے تاجروں نے شرکت کی۔کمشنر نے تاجر تنظیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ غلہ منڈی اور ہول سیل کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کو موافق ماحول کی فراہمی ترجیح ہے اس ضمن میں شہر سے باہر موزوں جگہوں کا جائزہ لے کر اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ گھنٹہ گھر کے اردگرد5 پارکنگ پلازوں کی تعمیر جلد شروع کی جارہی ہے جس سے تاجروں و خریداروں کے پارکنگ مسائل حل ہونگے جبکہ بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کو بھی مکمل کرانے کے لئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے عمارتوں کے نقشہ جات کی انسپکشن کا عمل جاری ہے اور بلڈنگز کی نقشہ کے مطابق تعمیر کرانا ترجیح ہے تاکہ بلڈنگز بائی لاز پر عمل ہو۔انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ کمرشل دکانوں کے عمارتی نقشے جمع کرائیں انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ شہر بھر میں واسا سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جارہے ہیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج بچھانے کی میگا سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں جس کی بدولت دیرینہ مسائل کا ازالہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیراتی کوالٹی پر زیروٹالرنس ہے اس سلسلے میں ٹھیکیداروں کوواضح پیغام دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچہری بازار کی معیاری بیوٹیفیکیشن تقریبا مکمل ہے آئندہ مرحلہ میں امین پور اور جھنگ بازار کی بیوٹیفیکیشن کی جائے گی۔تجاوزات کے خلاف مہم پوری قانونی قوت سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ تشہیری بورڈز کی فیسوں سے متعلق تاجروں کے تحفظات دور کئے جائیں گے اورتاجروں سے رابطوں کو مزید موثر بنایا جائے گا۔سابق ایم این اے میاں عبدالمنان،محمد اسلم بھلی،خواجہ شاہد رزاق سکا ودیگر نے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ اداکرتے ہوئے شہر کی تعمیر وترقی اور خوبصورتی کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں