پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹر وے عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار،عابد شیر علی نے سینیٹ میں آواز اٹھا دی

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر چوہدری عابد شیر علی نے پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے کی ٹوٹ پھوٹ پر سینیٹ میں آواز اٹھا دی فوری مرمت کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر چوہدری عابد شیر علی نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی بھٹیاں موٹروے کئی ماہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اس سڑک کی صورتحال کسی پسماندہ دیہات کی سڑک سے بھی ابتر ہے، اس حوالے سے کئی مرتبہ نشاندہی کر چکا ہوں اس موٹروے سے لوگ فیصل آباد’ ملتان اور دیگر شہروں میں جاتے ہیں، ساہیانوالہ فیصل آباد کا صنعتی ہب ہے، سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، متعلقہ وزیر کو بھیج کر اس سڑک کا معائنہ کرانا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان میں افغانستان کی جانب سے دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوان ملک اور قوم کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، اپوزیشن کے لوگ افغانستان اور دہشتگردوں پر تنقید کرنے کی بجائے حکومت پر تنقید کر رہے ہیں جو کسی طرح درست نہیں، حکومت اور مسلح افواج سنجیدہ ہیں تو آج پاکستان کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے، آج پاکستان کو امن کا گہوارہ کہا جاتا ہے، جو سربراہان مملکت پاکستان وزرائے اعظم کے ٹیلی فون سننا پسند نہیں کرتے تھے آج اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان آ رہے ہیں۔ آج پاکستان کا مقام بہت بلند ہو چکا ہے۔ بھارت نے جو پاکستان کیساتھ آنکھ مچولی کھیلنے کی کوشش کی، ہماری بہادر فوج نے اسے ایسا سبق سکھایا کہ ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ ہم سب کو پاک فوج اور بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے جو ہماری سکون کی نیند کیلئے قربانیاں دیتے ہیں، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، معرکہ حق کو ایک سال ہو گیا ہے، بھارت پاگل ہو چکا ہے، ان کے حکمران رو رہے ہیں اور پاکستان اپنی فتح کی خوشی منا رہا ہے، معرکہ حق کی وجہ سے پاکستان کا دنیا میں نام روشن ہوا، ہمیں اپنی فوج اور شہداء پر فخر ہے اور ہمیشہ فخر کرتے رہیں گے، ہم دہشتگردوں کا ساتھ دینے والوں کے خلاف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں