مسجد قبا کے اندرونی صحن میں خودکار ٹیکسی روبوبس متعارف

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد قبا کے اندرونی صحن میں خودکار ٹیکسی روبوبس متعارف کرا دی گئی سعودی عرب کی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مدینہ منورہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے مسجدِ قبا کے اندرونی صحن میں خودکار ٹیکسی “روبوبس” (Robobus) کے تجرباتی آغاز کا افتتاح کر دیا ہے، یہ منصوبہ جدید اور محفوظ سفری حل تیار کرنے کے اسٹریٹجک پروگرام کا حصہ ہے جو زائرین اور نمازیوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ پائیدار نقل و حمل اور ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے مملکت کے ویژن کی حمایت کرتا ہے۔یہ خودکار بس مصنوعی ذہانت کے جدید ترین نظام پر مبنی ہے جسے جدید ترین سینسرز اور ہائی ریزولوشن کیمروں کی مدد فراہم کی گئی ہے، یہ ٹیکنالوجی مسجد کے گردونواح میں بس کے آپریشن کے دوران پیدل چلنے والوں اور مسافروں کی سلامتی کے اعلی معیار کو یقینی بناتی ہے۔اس تجربے کا مقصد اہم مقامات پر سروس کی تیاری کا جائزہ لینا، آپریشنل کارکردگی اور معیار کی پیمائش کرنا اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے تاکہ مستقبل میں سعودی شہروں میں خودکار گاڑیوں کے استعمال کو وسعت دی جا سکے۔بس کا ٹریک نہایت مہارت سے ڈیزائن کیا گیا ہے جو مسجدِ قبا کے اندرونی صحن میں 700 میٹر تک پھیلا ہوا ہے، یہ ٹریک بغیر کسی براہِ راست انسانی مداخلت کے جدید ماڈل کے ذریعے زائرین اور نمازیوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔بس کے سفر کا آغاز مرد اور خواتین زائرین کے داخلی راستوں کے لیے مختص مقامات سے ہوتا ہے، اس دوران پہلے سے طے شدہ گولف کارٹ ٹریک کی مکمل پابندی کی جاتی ہے تاکہ نقل و حرکت میں روانی برقرار رہے اور بس اپنے مقررہ راستے سے باہر نہ نکلے۔یہ تجرباتی مرحلہ 60 دن تک جاری رہے گا جس میں ارد گرد کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ گاڑی کی مطابقت کا امتحان لیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ ہائی ریزولوشن ڈیجیٹل نقشوں کی مدد سے فیلڈ ڈیٹا جمع کیا جائے گا تاکہ وسیع پیمانے پر استعمال سے قبل خودکار ڈرائیونگ کی ٹیکنالوجی کو آپریشنل ضروریات کے مطابق ڈھالا جا سکے۔یہ منصوبہ مستقبل کی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی و اسمارٹ ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے عزم کا عکاس ہے۔اس منصوبے کی اہمیت اس لحاظ سے بھی بڑھ جاتی ہے کہ سنہ 2026 کو مصنوعی ذہانت کا سال قرار دیا گیا ہے۔ یہ اقدام اسمارٹ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر متعارف کروانے اور مدینہ منورہ کے رہائشیوں و زائرین کے لیے جدید اور محفوظ سفری ماحول فراہم کرنے میں مملکت کی قیادت کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں