بہادر افواج نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار اور تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر جشنِ فتح کی سالگرہ کے سلسلے میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) میں ایک پروقار تقریب کے دوران ”معرکہ حق” کی منا سبت سے کیک کاٹا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اپنے دفتر میں افسران اور سٹاف کے ہمراہ کیک کاٹا اور افواجِ پاکستان کی بہترین جنگی حکمت عملی، بے مثال جرات اور قربانیوں کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے ہر محاذ پر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور دفاعِ پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔اس موقع پر چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید، لیگل کنسلٹنٹ رانا سلیم، پی ایس او شبیر ساجد گجر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی عظیم کامیابی قوم کے اتحاد، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے غیر متزلزل محبت کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو قومی تاریخ کے ایسے درخشاں ابواب سے روشناس کراتے ہوئے حب الوطنی، ایثار اور قومی یکجہتی کا شعور دینا ہوگا تاکہ وطنِ عزیز مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکے۔کیک کٹنگ تقریب کے دوران شہدا وطن کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، دفاعِ وطن کے مزید استحکام اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ تقریب کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور جذبہ حب الوطنی سے ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں