فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت عید الاضحی کے انتظامی و حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔آرپی او سہیل اختر سکھیرا،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر،سی پی او،دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔کمشنر نے چاروں اضلاع میں عید الاضحی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لئے نوٹیفائیڈ عارضی سیل پوائنٹس کے علاوہ خریدو فروخت پر پابندی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیل پوائنٹس میں پارکنگ کی اوورچارجنگ قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ خریدو فروخت پر بھی اوورچارجنگ نہیں ہونی چاہیے۔اس سلسلے میں ایسی موثر مانیٹرنگ کی جائے کہ خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عید الاضحی صفائی پلان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔صفائی کے لئے پلان بی بھی تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مناسب انتظام میں ٹھکانے لگانے کے لئے خندقیں تیار کریں۔اجلاس میں آرپی او نے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی اور کہا کہ سی پی او اورڈی پی اوز ضلعی انتظامیہ سے موثر کوآرڈینیشن یقینی بنائیں اور ایس اوپیز پر سو فیصد عملدرآمد ہونا چاہیے۔اجلاس میں محرم الحرم کے سکیورٹی و انتظامی امور بھی زیر بحث آئے۔اجلاس میں فیڈمک کے سکیورٹی امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔




