ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) موسم گرما کی طویل چھٹیاں بچوں کو تعلیم سے دور رکھنے کے مترادف ہے،پنجاب حکومت سکولز کا دورانیہ کم کر کے سکول کھولنے کی اجازت دے۔رانا شاہد مقرب۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم رائو سکندر نے موسم گرما کی چھٹیاں 22مئی سے 24اگست تک کرنے کا اعلان کر دیا جس پر چیئرمین پرائیو یٹ سکولز فورم پنجاب رانا شاہد مقرب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسم گرما کی طویل چھٹیوں کا مطلب بچوں کو تعلیم سے دور رکھنے کے مترادف ہے۔ پنجاب حکومت نے پہلے ہی جمعہ ہفتہ کی چھٹی کر کے بچوں کا بہت زیادہ تعلیمی نقصان کر دیا ہے جو کسی صورت بھی پورا نہیں ہو سکتا، بورڈ کلاسز کا سلیبس کیسے مکمل ہو گا، بچوں کا مستقبل کیا ہو گا۔ پنجاب حکومت پچھلے 50سال سے ایک ہی ڈگر پہ لگی ہوئی ہے کہ جون،جولائی اور اگست کی ہی چھٹیاں کرنی ہیں یہ تب کی بات ہے جب سکولز میں کمروں،فرنیچر اور دیگر سہولیات کی کمی ہوتی تھی اور بچے درختوں کے نیچے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتے تھے اتنی گرمی کی شدت میں بھی سمر کیمپ لگائے جاتے تھے لیکن اب تو پرائیویٹ و سرکاری سکولز میں یہ تمام سہولتیں موجود ہیں تو پھر اب اتنی زیادہ چھٹیاں کیوں، جبکہ ان مہینوں میں بچے پنکھوں کے نیچے بیٹھ کر صاف ستھرے ماحول میں آسانی سے سکولز میں تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ ساون بھادوں میں جب حبس وگرمی ہوتی ہے تب سکول کھول دئیے جاتے ہیں۔ پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے عہدیداران و ممبران رانا شاہد مقرب،چوہدری ندیم سندھو،محمد اسلم بٹ،شیخ غلام سرور،چوہدری یوسف،زاہد رشید بسرا،چوہدری گلزار حسین،میاں ندیم شہزاد،حاجی جاوید اقبال،اسامہ اسلم،عبدالرشید سندھو،ملک طارق،میاں رضوان و دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے طویل چھٹیوں کے فیصلے پر نظر ثانی کرے سکولز کا دورانیہ کم کر کے سکول کھولنے کی اجازت دے۔




