فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ رضاآباد اور صدر کے علاقوں میں آج پھر دو مبینہ پولیس مقابلوں میں کم سن بچی سے نازیبا حرکات کرنے والے ملزم سمیت 3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کا ایک ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا، پولیس نے مضروبان کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ رضاآباد کے ایس ایچ او نے اطلاع ملنے پر 6سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے والے ملزم محسن ولد خالد سکنہ 63 گ ب کی گرفتاری کیلئے 279 رب محلہ بلال گارڈن نزد عائشہ مسجد چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور زرعی رقبہ کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو محسن زخمی حالت میں پڑا تھا، جس کو قابو کر کے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ تھانہ صدر کے ایس ایچ او محمد علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے صبح سویرے اعوان والا پلی کے قریب ناکہ بندی کے دوران موٹرسائیکل سوار تین مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور 237 رب کچہ راستے پر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے فائرنگ بھی کی۔ مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی انچارج چوکی خانوآنہ’ ڈولفن فورس بھی موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے۔ جن کی شناخت احتشام ولد دلبر سکنہ 203 رب اور علی حسن ولد اظہر سکنہ 203 رب مانانوالہ کے نام سے ہوئی جبکہ ان کا تیسرا ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا، زخمی ڈاکو ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھے، جن کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔




