لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اضلاع کو مالی اور انتظامی طور پر خودمختار بنانے کا تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان کے تحت مقامی ریونیو سے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کمشنرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان کے کمشنرز نے دستیاب وسائل اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران وزیراعلی مریم نواز نے افسران سے سخت سوالات کرتے ہوئے کہا کہ صرف آئی واش نہیں بلکہ حقیقی گرائونڈ ورک چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمشنرز ایئرکنڈیشنڈ کمروں کے بجائے فیلڈ میں نظر آئیں اور خود ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں۔فیصل آباد میں ایک بچی کے کھلے گڑھے میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر کوئی شہری مین ہول میں گرا تو متعلقہ سوسائٹی مالکان کو گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب بھر کی نجی ہاسنگ سوسائٹیز سے ہر ماہ کھلے مین ہولز نہ ہونے کا بیان حلفی لینے اور تمام سوسائٹیز کو نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیراعلی نے سرکاری و نجی اسکولوں کی عمارتوں کی مانیٹرنگ، تمام کنسٹرکشن سائٹس کو ایس او پیز کے مطابق کارڈن آف کرنے اور تمام تحصیلوں میں ڈیپ کلیننگ یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر پاور انتظامیہ کے پاس ہے تو ذمہ داری بھی انہی کی ہے، جبکہ کمشنرز کو حکومت کی آنکھیں، کان اور بازو قرار دیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی سفارش یا اقربا پروری کے بجائے صرف میرٹ پر کام ہوگا۔بریفنگ کے مطابق ساہیوال ڈویژن کیلئے لوکل گورنمنٹ کے 4 ارب روپے کے فنڈز موجود ہیں جبکہ پرانی شہری سڑکوں کو جدید معیار کے مطابق دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ساہیوال میں عالمی معیار کی سڑکیں، فٹ پاتھ اور خوبصورت انٹری پوائنٹس بنانے کی ہدایت دی۔اوکاڑہ میں مین اکبر روڈ پر سولر اسٹریٹ لائٹس اور جناح اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس نصب کرنے جبکہ پاکپتن نہر کناروں کی خوبصورتی اور سولر لائٹس لگانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ساہیوال ڈویژن کی تمام 17 ترقیاتی اسکیمیں ستمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ سرگودھا ڈویژن کیلئے 2.8 ارب روپے کے ریونیو سے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے سرگودھا میں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب تیز کرنے، بھکر کی شہری سڑکوں کی اپ گریڈیشن، قائد آباد میں فیملی پارک اور بس اسٹینڈ کی تعمیر کے احکامات بھی جاری کیے۔اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پورے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا معیار یکساں رکھا جائے اور کسی بھی منصوبے میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔




