زرعی اراضی کو رہائشی کالونیوں میں تبدیل کرنے کے رحجان پر قابو پایا جائے

لاہور (بیوروچیف) ڈائریکٹوریٹ جنرل پاپولیشن ویلفیئر، محکمہ صحت وآبادی پنجاب کے زیراہتمام پی سی ہوٹل لاہور میں پارلیمنٹیرینز، وزرائ، ترقیاتی شراکت داروں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایڈووکیسی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد پنجاب میں آبادی کے مؤثر انتظام، متوازن خاندانی نظام اور ماں وبچے کی صحت کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس اہم ورکشاپ میں اراکین اسمبلی’ ترقیاتی اداروں کے نمائندگان، محکمہ صحت وآبادی کے افسران، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے پائیدار آبادیاتی منصوبہ بندی، خاندانی بہبود کے اقدامات اور آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت وآبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر’ وزیراعلیٰ پنجاب کی کوآرڈینیٹر برائے آبادی سائرہ افضل تارڑ اور سیکرٹری محکمہ صحت وآبادی پنجاب نادیہ ثاقب نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر ممتاز شرکاء میں ڈاکٹر عزیز رب’ پارلیمانی سیکرٹری اسماء ناز’ کنول لیاقت’ پولیو کوآرڈینیٹر عظمیٰ کاردار، رشدہ لودھی، ذکیہ شاہنواز خان، موتیہ بیگم، ملک خالد کھوکھر، ملک شہباز کھوکھر، نرگس فیض، سلطان احمد باجوہ سمیت 40 سے زائد اراکین اسمبلی اور معروف میڈیا شخصیت منیزہ ہاشمی شامل تھیں۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی صحت، تعلیم، معیشت، ماحولیات اور مجموعی سماجی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اور عوام کے بہتر معیار زندگی کے لیے مربوط اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ شرکاء نے اس امر پر بھی زور دیا کہ خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ماں اور بچے کی اموات میں کمی، خواتین کی بہتر صحت، خاندانوں کے استحکام اور معاشی بہتری کے لیے نہایت اہم ہیں۔ مقررین کے مطابق عوامی آگاہی میں اضافہ، معیاری تولیدی صحت کی سہولیات تک رسائی اور مضبوط سیاسی عزم آبادی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے بنیادی عناصر ہیں۔ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر حکومت پنجاب کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں، منتخب نمائندوں، ترقیاتی شراکت داروں اور میڈیا کے ساتھ قریبی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مثبت سماجی رویوں کے فروغ اور ذمہ دارانہ خاندانی طرز عمل کے لیے مشترکہ کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی کوارڈینیٹر برائے آبادی سائرہ افضل تارڑ نے خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی کے فروغ میں ایڈووکیسی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ورکشاپ میں شریک اراکین اسمبلی اور دیگر شراکت داروں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں