سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ذاتی دلچسپی سے مرکزی سبزی و فروٹ منڈی کی بہتری اور اپ گریڈیشن کیلئے جامع ترقیاتی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 1996 میں قائم ہونیوالی یہ مارکیٹ تین دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باعث جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ منصوبے کے تحت منڈی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، صفائی کے نظام کو موثر بنانے، نکاسی آب کی سہولیات کی بہتری، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ انتظامات اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ تاجروں، کسانوں، ٹرانسپورٹرز اور آنے والے شہریوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ترقیاتی کام پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (PAMRA) کے انجینئرنگ ونگ کے ذریعے شروع کئے جا رہے ہیں۔ یہ اقدام وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے تحت زرعی منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور خطے میں زرعی مارکیٹنگ سروسز کو مزید موثر بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی کی اپ گریڈیشن سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں اور کاشتکاروں کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔




