چنیوٹ(نامہ نگار)تھانہ سٹی کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ایک شہری نے ریسکیو 15 پر اطلاع دی کہ سرگودھا جھنگ روڈ بائی پاس پر تین نامعلوم ملزمان اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس فوری طور پر موقع پر روانہ ہوئی اور ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا پولیس ترجمان کے مطابق قینچی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار تین ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان کی فائرنگ سے ایک گولی کانسٹیبل صفدر علی کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگی جبکہ سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جو مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم راہزنی، چوری، منشیات اور دیگر جرائم کے 25 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔




