چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر/کنوینئر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرفارمنس ریویو کمیٹی پراسیکیوشن اور ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کے اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں زیر التوا مقدمات، عدالتوں میں جاری کیسز کی پیش رفت اور ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر و دیگر متعلقہ افسران نے مختلف مقدمات بارے بریفنگ دیتے ہوئے اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد سعید، ایکسین ہائی ویز محمد احمد، ایم ڈی واسا محمد رفیع سمیت دیگر افسران نے ترقیاتی سکیموں، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج، نکاسی آب اور دیگر جاری منصوبوں پر بریفنگ دی اور موجودہ صورتحال، درپیش مسائل اور تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اہم مقدمات کی موثر پیروی کو یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ مقدمات کو میرٹ اور شفافیت کے ساتھ جلد نمٹایا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے پراسیکیوشن اور متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن ناگزیر ہے جبکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




