لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اسلام آباد میں واقع نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں جاری انڈر 18 قومی ہاکی تربیتی کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آئندہ جاپان میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔پی ایچ ایف کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ذہنی مضبوطی، سخت محنت، ٹیم ورک اور کھیل سے جذبے کی اہمیت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے بہترین سفیر بن کر میدان میں اتریں اور اپنی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اپنے کردار سے بھی ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ جیت اہم ہے لیکن عزت اور اچھے کردار کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔پاکستان ہاکی ٹیم کے یہ ابھرتے ہوئے ستارے ایشیا کپ میں قومی پرچم سربلند کرنے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ شائقین ہاکی بھی ان سے بہترین کارکردگی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔




