فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیرِ اہتمام شاندار ٹیبلو مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے کا عنوان”ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں، قوموں کی عزت ہم سے ہے”تھاجس کا مقصد خواتین کے احترام، وقار اور معاشرتی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں اور ثقافتی تنظیموں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے خواتین کے کردار، عزت و عظمت اور قومی ترقی میں ان کی اہمیت کو خوبصورت ٹیبلوز کے ذریعے پیش کیا۔ شرکا کی پرفارمنس کو حاضرین نے بے حد سراہا اور تقریب ایک متاثر کن اور بامقصد ثقافتی سرگرمی ثابت ہوئی۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان چدھڑ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد اور قوم کی عزت ہوتی ہیں۔انہوں نے پنجاب کونسل آف آرٹس کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت سوچ اور احترامِ خواتین کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن ڈویژنل ماڈل کالج نے حاصل کی اور30ہزار کی انعامی رقم حاصل کی جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی اور25ہزار روپے کا انعام جیتا۔تیسری پوزیشن گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول فیصل آباد نے حاصل کرکے20ہزار روپے جیتے۔ ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل مقبول احمد ملک اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمران رضا نے مقابلے کے اختتام پرایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی کے ہمراہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔




