گراں فروشی پر 26دکانیں سیل

لاہور (بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر شہر بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی ٹیموں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کیلئے بھرپور کارروائیاں کیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مختلف مارکیٹوں اور دکانوں پر مجموعی طور پر 4ہزار 688مقامات پر قیمتوں کا جائزہ لیا گیا، گراں فروشی اور پرائس کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزی پر 26دکانیں سربمہر کی گئیں جبکہ دو مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 3لاکھ 9ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ڈی سی لاہور کے مطابق آلو اور پیاز کے 82ٹرکوں کی مختلف مارکیٹوں میں آمد سے سپلائی مزید مستحکم ہوئی ہے جبکہ خربوزہ، سیب اور دیسی لیموں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، بھنڈی اور ہری مرچ کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی جبکہ آلو، کیلا، بند گوبھی اور کھجور کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہدایت جاری کی کہ گراں فروشوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور دکاندار نمایاں مقامات پر سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنا یقینی بنائیں، انہوں نے متعلقہ اداروں کو سپلائی چین کو مزید بہتر بنا کر اشیائے ضروریہ کی دستیابی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔مارکیٹ کمیٹیوں کو عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈی سی لاہور نے کہا کہ گراں فروشی کے خلاف سخت ایکشن ناجائز منافع خوروں کے لئے واضح پیغام ہے، سپلائی چین کی موثر نگرانی کے باعث قیمتوں میں استحکام پیدا کیا گیا ہے اور مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں موجودگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔کیپٹن (ڑ) محمد علی اعجاز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی حقوق کا تحفظ اور قانون کی بالادستی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں