سرگودھا میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت

سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واسا کی جانب سے شہر میں جاری سیوریج بحالی کے میگا پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا معائینہ کیا اور واسا حکام سے بریفنگ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ترقیاتی کام جاری ہیں وہاں شہریوں کی سہولت اور حفا ظت کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی خریداری کے باعث بازاروں میں رش بڑھ رہا ہے، اس لیے کام کو منظم انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے مقامات جہاں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس واقع ہیں وہاں جاری ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جن علاقوں میں منصوبہ تکمیل کے قریب ہے وہاں فوری طور پر سڑکوں کی لیولنگ، صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کے اقدامات بھی کیے جائیں تاکہ گردوغبار اور ٹریفک مسائل پر قابو پایا جا سکے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ میں جاری خوبصورتی کے منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر فیسکو حکام نے دونوں بازاروں میں برقی تنصیبات کی انڈر گرائونڈ منتقلی پر پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ہائی ویز حکام نے دکانوں کے فساڈ، سڑکوں کی بحالی اور دیگر ترقیاتی امور پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ دونوں بازاروں میں عید کی شاپنگ کے پیش نظر تاجروں سے مشاورت اور باہمی تعاون کے ساتھ اقدامات کیے جائیں تاکہ فروخت کنندگان اور خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں