جڑانوالہ (نامہ نگار) ایس پی جڑانوالہ اختر علی وینس کی جڑانوالہ ڈویژن کے میڈیا نمائند گان سے اہم میٹنگ،تفصیلات کے مطابق ایس پی جڑانوالہ ڈویژن اختر علی وینس نے اپنے دفتر میں جڑانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تمام الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے ممبران اور صحافی برادری کیساتھ ایک اہم اور تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا۔میٹنگ کا بنیادی مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا، پولیس اور عوام کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور جرائم کے خاتمے میں میڈیا کے مثبت کردار کو اجاگر کرنا تھا۔میٹنگ کے دوران ایس پی اختر علی وینس نے جڑانوالہ ڈویژن میں سیکیورٹی کی صورتحال، سٹریٹ کرائمز کی روک تھام اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈان کے حوالے سے پولیس کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میڈیا معاشرے کا چوتھا ستون ہے اور پولیس کا بازو ہے۔ معاشرتی برائیوں کی نشاندہی اور امن عامہ کے قیام میں میڈیا کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔جڑانوالہ پولیس حقائق پر مبنی صحافت کا تہہ دل سے احترام کرتی ہے اور میڈیا کی جانب سے کی جانے والی مثبت نشاندہی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ایس پی جڑانوالہ نے واضح کیا کہ پولیس فورس کو پبلک فرینڈلی بنانا اور تھانہ کلچر میں تبدیلی لانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے میڈیا ممبران کو یقین دلایا کہ صحافیوں کے تحفظ اور انہیں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔




