فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پروفیشنل فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر مرحوم محمد صادق کا شمار شہر کے ان عظیم فوٹو جرنلسٹس میں ہوتا ہے جنہوں نے شعبہ صحافت میں باوقار زندگی گزاری اور کسی بھی اپنے شعبے سے وابستہ فرد کیساتھ ایسا رویہ اختیار نہیں کیا۔ جس سے انکے بارے میں منفی پہلو نظر آتا ہو۔ انہوں نے بطور فوٹو جرنلسٹس ایسی مثبت روایات قائم کیں کہ جن کا ختم ہونا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ وہ نہ صرف وعدہ اور وقت کی پابندی کرتے تھے بلکہ اسکے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کرتے تھے۔ انہوں نے چار دہائیو ں کے دوران مختلف قومی اخبارات میں بطور فوٹو جرنلسٹس کام کیا جس ادارے میں بھی رہے انہوں نے کام کو سراہا۔ ان خیالات کا اظہار انجمن اسلامیہ رجسٹرڈ فیصل آباد کے زیر اہتمام محمد صادق مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے ڈاکٹر ریاض مجید’ پرویز خالد شیخ’ میاں بشیر اعجاز’ میاں رفعت قادری’ حمید شاکر’ اصغر علی تبسم’ شہزاد بیگ’ کامران رشید’ نعیم چوہدری’ ڈاکٹر نعیم اشرف’ سعید سومی’ چوہدری محمد امین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس کی صدارت ڈاکٹر ریاض مجید نے کی۔ میزبان اور مہمان خصوصی پرویز خالد شیخ صدر انجمن اسلامیہ تھے۔ مرحوم کے فرزند محمد آصف’ محمد ساجد نے کہا کہ ہم اپنے والد کے رفقا سے حسب سابق پیشہ ورانہ تعلقات قائم رکھیں گے۔ تعزیتی ریفرنس کے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔




