لاہور (شوبز نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کام کے بدلے عزت کی حقدار ہوں، تنازعات سے پہچان نہیں چاہتی۔پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ انٹرویو میں اپنے طویل کیریئر، ذاتی جدوجہد اور خود سے جڑے تنازعات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سخت محنت کے بدلے انڈسٹری اور مداحوں سے زیادہ عزت اور قدر کی حقدار ہیں۔معروف میزبان ہارون راشد کو دیے گئے انٹرویو میں میرا نے ان مشکلات اور جدوجہد کا تذکرہ کیا جو انہوں نے اپنے خاندان کی کفالت اور انڈسٹری میں اپنا نام بنانے کے لیے برداشت کیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ اتنی محنت کے باوجود اکثر شوز کے میزبانوں اور عوام کی جانب سے میری تضحیک کی جاتی ہے، مجھے وہ احترام نہیں دیا جاتا جس کی میں حقدار ہوں۔ میرا نے واضح کیا کہ وہ خود سے جڑے تنازعات کے بجائے صرف اپنے کام اور لگن کی وجہ سے پہچانی جانا چاہتی ہیں۔




