سرگودھا (بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت لوکل گور نمنٹ کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سلانوا لی اور ساہیوال میں جاری بارشی پانی ذخیرہ کرنے اور سیوریج منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سلانوا لی اور ساہیوال میں تقریباً ساڑھے تین ار ب روپے کی لاگت سے بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینکس اور نئی سیوریج لائنیں بچھانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ سلانوالی میں بارشی پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ایک بڑا ٹینک تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ 48 ہزار فٹ نئی سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے۔ اسی طرح ساہیوال میں بھی بارشی پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ایک ٹینک تعمیر کیا جا رہا ہے اور 60 ہزار فٹ نئی سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دونوں بارشی پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکس 30 جون تک مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ ڈرینج اور سیوریج لائنوں کا کام 30 جون 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ان منصوبوں پر کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا اور تعمیراتی کام دن رات جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید اور اس کے اگلے روز صرف دو دن کام میں وقفہ رکھا جائے جبکہ باقی دنوں میں دو شفٹوں میں کام جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کنسلٹنٹس کو خصوصی ہدایت کی کہ منصوبوں کے معیار پر کڑی نظر رکھی جائے اور تمام ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔




