فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظا میہ فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے کمرکس لی۔کمشنر / چیئر پر سن ایجوکیشن بورڈ مسرت جبیں کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز ، سی پی او،ڈی پی اوز،ایڈیشنل کمشنرز کو20 مئی سے شروع ہونے والے امتحانات کے امتحانی مراکز کی انسپکشن کا ٹاسک تفویض کردیا۔انہوں نے ایجوکیشن بورڈ کے تمام متعلقہ ملازمین اور موبائل انسپکٹر کی سنٹرز پر موجودگی لازمی قرار دے دی جبکہ ضلعی سطح پر ایمرجنسی سیل کے قیام کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ کوئی موبائل فون کمرہ امتحان میں نہیں ہونا چاہیے،ڈپٹی کمشنر فوری دفعہ 144 کا نفاذ کرکے عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بوٹی مافیا کا قلع قمع کیا جائے اور ایسے غیر قانونی فعل میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات کا اندراج کرائیں۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کو سو فیصد شکایت فری بنانا ہے اورامتحانات کا امتحان کی طرح انعقاد ناگزیرہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے سنٹرز پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات یقینی بنائے جائیں،پولیس گشت میں اضافہ اور سپیشل سکواڈ تشکیل دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے سلاخوں کے پیچھے ہونے چاہیں۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکیھرا،ڈپٹی کمشنرز،سی پی او تنویر حسین جبکہ سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ،کنٹرولر امتحانات کے علاوہ ایڈیشنل کمشنرز،سی ای اوز ایجوکیشن بھی اجلاس میں موجود تھے۔




