فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عجائب گھروں کے عالمی دن کے موقع پر لائل پور میوزیم فیصل آباد میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد،طالب علم اور ثقافت سے دلچسپی رکھنے والو ں نے شرکت کی۔تقریب میں اس سال کے عالمی تھیم “Museums Unite a Divided World”کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔ میوزیم آفیسرز شہناز محمود،سدرہ شاہ،نبیلہ تبسم اور ساجد ستار نے دیگر سٹاف اور طلبا کے ہمراہ مل کر کیک کاٹا۔میوزیم فیلڈ آفیسر شہناز محمود نے کہا کہ عجائب گھر معاشرے میں محبت، برداشت، شعور اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔آج کے تقسیم شدہ معاشرے میں میوزیم علم، تاریخ اور تہذیب کے ذریعے انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔لائلپور میوزیم فیصل آباد اپنی دس منفرد گیلریز کے ذریعے پنجاب اور پاکستان کی تہذیبی، تاریخی اور ثقافتی روایات کو نہایت خوبصورتی سے محفوظ کئے ہوئے ہے۔ میوزیم میں موجود نایاب نوادرات، قدیم دستاویزات، ثقافتی اشیا اور تاریخی ورثہ نئی نسل کو اپنی شناخت اور ماضی سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے لائل پور عجائب گھر کی مختلف گیلریز کا دورہ بھی کیا اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور علم و آگہی کے فروغ کے لیے میوزیم کا کردار مزید مضبوط بنایا جائے گا۔




