جڑانوالہ (نامہ نگار) کمیونٹی ڈویلپمنٹ صدر سوشل ویلفیئر اسسٹنٹ ڈائریکٹر عثمان حبیب اور تحصیل جڑانوالہ کے سوشل ویلفیئر آفیسر رائے اسد اقبال نے الحبیب ویلفیئر فائونڈیشن رجسٹرڈ کے اشتراک سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مختلف چکوکمیں عوامی آگاہی مہم چلائی۔ آگا ہی مہم کے دوران شہریوں کو پیشہ ور گداگری کے منفی سماجی اثرات سے آگاہ کیا گیا جبکہ پیشہ ور بھکاریوں کی کونسلنگ بھی کی گئی تاکہ انہیں محنت اور باعزت روزگار کی جانب راغب کیا جا سکے۔ اس موقع پر عوام میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے جن میں پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی اور مستحق افراد کی درست انداز میں مدد کرنے سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔اس مہم کے دوران مکوآنہ، بنگے پنڈ، اواگت اور جڑانوالہ کے مختلف علاقوں میں خصوصی آگاہی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔حکام کا کہنا تھا کہ پیشہ ور بھکاری معاشرتی مسائل میں اضافے کا باعث بنتے ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ مستحق افراد کی مدد مستند فلاحی اداروں کے ذریعے کریں۔الحبیب ویلفیئر فائونڈیشن رجسٹرڈ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے ایسے فلاحی اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔




